سلچر،14؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی پرشدید حملہ بولتے ہوئے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے اتوار کو کہا کہ آج آئین کا احترام نہیں کیا جا رہاہے اور اسے تباہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔سلچر سے کانگریس امیدوار اور موجودہ ایم پی سشمیتا دیو کی حمایت میں روڈشو کرتے ہوئے پرینکاگاندھی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پوری دنیا کا سفر کیا لیکن اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں بمشکل ہی تھوڑا بہت وقت گزاراہے۔انہوں نے کہاکہ آج عظیم انسان بی آر امبیڈکر کی جینتی ہے۔ انہوں نے آئین کے ذریعے اس ملک کی بنیاد رکھی تھی۔ ہر لیڈر کی ذمہ داری ہے کہ آئین کا احترام کیا جائے۔کانگریس جنرل سکریٹری اور مشرقی اترپردیش کی انچارج پرنیکاگاندھی نے کہاہے کہ آج آپ دیکھ رہے ہیں کہ آئین کا احترام نہیں کیا جا رہا ہے اور اس کو تباہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔بی جے پی کے منشور پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے لیے جگہ نہیں ہے۔آئین کے لیے بھی کوئی عزت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وارانسی کی عوام نے انہیں بتایا کہ مودی نے گزشتہ پانچ سال میں وہاں کسی کے ساتھ پانچ منٹ کا وقت نہیں گزاراہے۔پرینکا نے کہاہے کہ وہ امریکہ گئے اور لوگوں سے گلے ملے۔ چین گئے اور وہاں بھی گلے ملے۔ روس اور افریقہ جاکر گلے ملے۔ جاپان جاکر ڈھول بجایا۔ پاکستان میں بریانی کھائی۔انہوں نے کہاہے کہ لیکن اپنے ہی پارلیمانی حلقہ میں وہ ایک بار بھی کسی خاندان کے یہاں ان کا حال چال پوچھنے نہیں گئے۔پرینکاگاندھی نے سشمیتا دیوکاموازنہ اپنی دادی اندرا گاندھی سے کرتے ہوئے کہاہے کہ اگرآپ کو آج بھی اندراگاندھی یاد ہیں تو ایسا اس لیے کیونکہ انہوں نے آپ کے لیے کام کیاہے۔میں یہاں سشمیتاکے لیے آئی ہوں۔ ان میں اندرا جی جیسی ہمت ہے۔